وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس

43
Asad Umar

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے سیاحتی شعبہ کے دوبارہ آغاز کے بعد بدھ کو ملک کے سیاحتی مقامات کے بارے میں کورونا سے متعلق رائج ایس او پیز اور صحت کے رہنما خطوط پر عملدرآمد کا مشاہدہ کیا اور وائرس کی نشاندہی کے لئے مختلف مخصوص مقامات پر ٹیسٹنگ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کے اجلاس میں مختلف سیاحتی مقامات اور محرم الحرام کے حوالے سے انتظامیہ کے اقدامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم کو بتایا گیا کہ سیاحتی مقامات پر ایس او پیز اور سماجی فاصلوں کی خلاف ورزیوں کا مشاہدہ ہوا ہے جس سے ملک میں وبا کے دوبارہ پھیلاو¿ کا خطرہ درپیش ہے۔ اس وبائی مرض کو روکنے کے لئے ماسک پہننا، ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلے ضروری ہیں، محرم مجالسوں کے دوران ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے میں بہتری آئی ہے جسے عوامی تعاون کے ساتھ مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ فورم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان علاقوں جہاں پر اس وائرس کے پھیلنے کا خطرہ ہے وہاں پر اس وائرس کے حوالے سے رائج ایس او پیز کی تعمیل کے لئے انتظامی اقدامات کو تیز کریں۔