وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

57

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) کا اجلاس جمعرات کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔پیٹرولیم ڈویژن نے موسم سرما کے لیے ملک میں قدرتی گیس کی فراہمی کا تخمینہ پیش کیا۔

اجلاس کے دوران پیٹرولیم ڈویژن نے موسم سرما 2021-22 کے دوران گیس سپلائی سائیڈ کے انتظام کے لیے مختلف پالیسی آپشنز پیش کیے۔ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ڈیمانڈ مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سپلائی کو یقینی بنائے جیسا کہ کابینہ نے پہلے ہی منظور کیا ہے۔

کمیٹی نے پاور ڈویژن کی طرف سے کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق پیش کردہ سمری پر بھی غور کیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ تمام نئے آر ای پروجیکٹ بولی کے عمل میں حصہ لیں گے تاکہ قابل تجدید بجلی کی کم سے کم لاگت کی خریداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

سی سی او ای نے سمری کی منظوری دی اور میٹنگ میں بولی کے عمل کو تیز کرنے کی سفارش کی۔ اسد عمر نے پاور ڈویژن کو مزید ہدایت کی کہ وہ کمیٹی کو اگلی میٹنگ میں آر ای پروجیکٹس کے قیام کے لیے مل اسٹونز کے ساتھ ایک تفصیلی روڈ میپ سے آگاہ کرے جس میں ممکنہ مقامات اور مسابقتی عمل کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔

کمیٹی نے پاور ڈویژن کی طرف سے جمع کرائی گئی سرکلر ڈیبٹ رپورٹ اکتوبر 2021 کا بھی جائزہ لیا۔ کمیٹی نے گردشی قرضوں میں مسلسل کمی کو سراہا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈسکوز کی کارکردگی میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔ یہ شعبہ کووڈ کے بعد کے منظر نامے کے مطابق بھی ایڈجسٹ ہو رہا ہے جہاں واجبات کی وصولی میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی۔

حکومت اس شعبے کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے منصوبے کے مطابق بجٹ سبسڈی کی رقم جاری کر رہی ہے۔ اجلاس میں مشیرخزانہ، وزیر توانائی، وزیر برائے بحری امور، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و صنعت، چیئرمین اوگرا، چیئرمین نیپرا، ریگولیٹری اتھارٹیز کے نمائندوں اور وزارتوں/ ڈویژنوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔