وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کی کوئٹہ میں دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت

122

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کی ہے جس میں وکلاءاور میڈیا کارکنوں سمیت معصوم شہری جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کا قتل بربریت ہے اور دہشت گرد حملہ میں ملوث مجرم امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، پاکستان کے عوام ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان کی سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور امن کے دشمنوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے شہداءکے خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا اور شہداءکے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔