وفاقی وزیر اطلاعات سے متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید ابراہیم الزیبی کی ملاقات، ثقافت، میڈیا اور مشترکہ پروڈکشن کے شعبہ میں تعاون مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال

45
وفاقی وزیر اطلاعات سے متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید ابراہیم الزیبی کی ملاقات، ثقافت، میڈیا اور مشترکہ پروڈکشن کے شعبہ میں تعاون مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید ابراہیم الزیبی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں ثقافت، میڈیا اور مشترکہ پروڈکشن کے شعبہ میں تعاون مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ تجارت اور باہمی تعاون کے ساتھ مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی تعاون کو مستحکم کرنے اور عوام کے عوام سے رابطے کو فروغ دینے کے لئے ثقافتی تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی کمیونٹی کا دوسرا بڑا گھر ہے، متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مختلف شعبوں میں وسیع البنیاد تعاون پر مبنی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے وسیع مواقع فراہم کر رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے علاوہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور اس معاملہ پر آواز بلند کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو سراہا۔