ریاض۔19فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے بدھ کو سعودی میڈیا فورم کے زیر اہتمام کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔ تین روزہ کانفرنس 19 سے 21 فروری تک ریاض میں منعقد ہو رہی ہے۔
افتتاحی سیشن میں دنیا بھر سے عالمی رہنمائوں سمیت میڈیا سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہیں۔ کانفرنس میں سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان ال سعود بھی شریک ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقات بھی ہوئی۔
واضح رہے کہ سعودی میڈیا فورم میں میڈیا پروڈکشن، ڈیجیٹل جرنلزم اور مواد سازی کے بارے میں طریقے تلاش کئے جائیں گے۔ ڈیجیٹل دور میں میڈیا، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور مالیاتی استحکام کے لئے نئے بزنس ماڈلز کا جائزہ لیا جائے گا۔ میڈیا فورم میں فیک نیوز، عوامی اعتماد کی بحالی میں میڈیا اداروں کے کردار کے بارے میں حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔
فورم میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، صحافت کا مستقبل، میڈیا اکنامکس، ڈیجیٹل نظام، مس انفارمیشن، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری، ڈیجیٹل سٹریمنگ جیسے اہم موضوعات پر مباحثے بھی منعقد ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=563290