اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار میاں رئوف عطاءکو سپریم کورٹ بار کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ منگل کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وکلاءبرادری نے ایک بہترین شخصیت کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاءجمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں، قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوری روایات کے فروغ میں وکلاءکا روشن کردار ہے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ وکلاءبار اور بنچ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداران آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاتح پینل وکلاءبرادری کے مسائل کے حل اور اہم عدالتی معاملات میں موثر کردار ادا کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے انڈیپنڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون کو بھی رئوف عطاءکی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔