اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی (آئی ایس اے)مبشر توقیر شاہ نے جمعرات کو الوداعی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مبشر توقیر شاہ کو ان کی ریٹائرمنٹ پر وزارت اطلاعات میں شاندار خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مبشر توقیر شاہ کی خدمات وزارت اطلاعات، میڈیا اور ابلاغ عامہ کے شعبوں میں قابل تقلید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مبشر توقیر شاہ نے ہمیشہ قومی مفاد اور پیشہ ورانہ دیانتداری کو مقدم رکھا، ان کی قیادت میں انفارمیشن سروس اکیڈمی نے نوجوان افسران کی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مبشر توقیر شاہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزارت اطلاعات، ساتھی افسران اور عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزارت اطلاعات میں اپنے کیریئر پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ وزارت اطلاعات مستقبل میں بھی قومی بیانیہ کو مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے۔ واضح رہے کہ مبشر توقیر شاہ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت اطلاعات اور منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔