وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا نارووال میں مسلم لیگ ن کے کارکن محمد یوسف کی ہلاکت پر اظہار مذمت

308

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے نارروال میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن محمد یوسف کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اتوار کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ متوفی محمد یوسف مسلم لیگ (ن) کا کارکن تھا، پی ٹی آئی دھاندلی کیلئے قتل و غارت پر اتر آئی ہے اور غنڈہ گردی سے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد یوسف کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ انہوں نے متوفی محمد یوسف کے خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی محمد یوسف مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین