پشاور۔11جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے خیبر پختونخوا کے عوام کے دیرینہ مطالبہ پر پی ٹی وی نیشنل پر علاقائی زبانوں کی نشریات کے دورانیہ کو بڑھانے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ پی ٹی وی نیشنل کی نشریات اب 24 گھنٹے جاری رہے گی۔
منگل کو یہاں پی ٹی وی پشاور سینٹر میں پی ٹی وی نیشنل پر پشتو اور ہندکو زبانوں سمیت خیبر پختونخوا کی علاقائی زبانوں کے دورانیہ میں اضافہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ خیبر پختونخوا عظیم ورثہ کا حامل صوبہ ہے، پی ٹی وی نیشنل پر پشتو سمیت علاقائی زبانوں کے دورانیہ میں اضافہ سے خیبر پختونخوا کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کا مطالبہ تھا کہ پی ٹی وی نیشنل پر علاقائی زبانوں کی نشریات کو بڑھایا جائے، پی ٹی وی نیشنل پشاور سے 24 گھنٹے نشریات شروع کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس اقدام پر خیبر پختونخوا کے عوام اور پی ٹی وی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نشریات سیٹلائٹ کے ذریعے پاکستان سمیت بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں تک پہنچائی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی خوبصورت اور رنگین ثقافت ہے جو ایک عظیم ورثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں تک سیٹلائٹ کے ذریعے علاقائی نشریات پہنچانے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے علاقے سے جڑے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقائی زبانیں براڈ کاسٹ اسٹریم کے ذریعے پاکستان کے عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں جو احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نشریات سے فنکاروں، پروڈیوسرز کے ساتھ ساتھ یہاں کی کمیونٹی بھی جڑی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سانحہ 9 مئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس روز ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو جلایا گیا، یہاں موجود آرکائیو کو نذر آتش کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی اور تزئین و آرائش کے کام کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے نیشنل آرکائیوز کو نیشنل ڈیجیٹل آرکائیوز میں کنورٹ کرنے کا پراجیکٹ شروع کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے تیس سالوں کے دوران ہماری فلم اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری زوال کا شکار رہی، خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، اس پورے دور میں ہماری ثقافت اور تہذیب کا گلا گھونٹا گیا، اب اس کی دوبارہ بحالی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی فلم پالیسی مسلم لیگ (ن) نے متعارف کروائی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں تو موٹر وے بھی بنتی ہے، بجلی کے منصوبے بھی لگتے ہیں، دہشت گردی کا بھی خاتمہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے تین سو ڈیم بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، ایک ڈیم نہیں بنا، بی آر ٹی پشاور بھی نظر نہیں آئی۔ ہم چاہتے ہیں کہ پشاور کے عوام کو ٹرانسپورٹ سسٹم مہیاءہو۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف فاٹا یونیورسٹی کی بنیاد رکھ کر گئے ہیں اور انہوں نے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے ہیں۔ ہم صرف کھوکھلے نعرے نہیں لگاتے بلکہ اپنے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرتے ہیں جس کی کڑی آپ کو پشاور پی ٹی وی سینٹر سے نظر آ رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی فلکس کا اجراءہو چکا ہے، موبائل فونز کے ذریعے پی ٹی وی کے ڈرامہ اور آرکائیوز ڈیجیٹل صورت میں دستیاب ہیں۔ پی ٹی وی نے وفاق کی اکائیوں اور کلچر کو ایک لڑی میں سمویا ہے۔ انشاءاللہ اسی رفتار سے عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور و قومی ورثہ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی وی ایک فیملی چینل ہونے کے ناطے اپنے قیام کے بعد سے معیاری تعلیم، معلومات اور تفریح فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیشنل کی نشریات میں توسیع خیبرپختونخوا کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے آج حکومت نے پورا کر دیا ہے۔ پی ٹی وی نیشنل خیبرپختونخوا کی تمام زبانوں کو مناسب وقت دے گا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی سہیل علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی وی نیشنل کے ٹرانسمیشن پیریڈ کی توسیع میں موجودہ وسائل کا استعمال کیا گیا، اس سے قومی ہم آہنگی پیدا کرنے اور مختلف زبانوں کے لوگوں کو قریب لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان کی سرائیکی، پی ٹی وی لاہور کی پنجابی اور پی ٹی وی سندھ کی سندھی کی نشریات کا وقت بھی جلد بڑھایا جائے گا۔ تقریب میں پی ٹی وی حکام کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ریونیو پیر ہارون شاہ، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، ڈی جی پی آئی ڈی اشفاق خلیل اور جی ایم پی ٹی وی پشاور اورنگزیب آفریدی نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر کو روایتی تحفہ پیش کیا گیا۔