کراچی ۔ 3اگست (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ظلم و ستم کے ہر دور میں معراج محمد خان کی آواز بلند ہوتی تھی۔ ان کی شخصیت میں جبر کے خلاف للکار تھی۔ وہ آمریت کے خلاف ہمیشہ برسر پیکار رہے، وہ ملک سے جہالت کے اندھیرے ختم کرنا چاہتے تھے، وہ ہم سے بچھڑ گئے لیکن ان کی سوچ اور فکر ہمارے ساتھ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں سیاسی رہنماءمعراج محمد خان مرحوم کی یاد میں بدھ کو منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد احباب معراج محمد خان نے کیا۔ وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ معراج محمد خان نے ہمیشہ ظلم و جبر کے خلاف آواز بلندکی اور وہ آمریت کے دور میں جمہوریت پر پابندیوں کے خلاف اٹھنے والی توانا آواز تھے، مرحوم نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی پاداش میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ معراج محمد خان جہالت کے اندھیرے ختم کر کے ملک میں علم کی روشنی پھیلانا چاہتے تھے۔ انہوں نے معراج محمد خان کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے لئے اثاثہ تھے۔