وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نیب قوانین میں ترامیم کے حوالے سے اپوزیشن جماعتیں حکومت پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں چاہتی ہیں کہ ملک میں معاشی بحران آئے اور حکومت پر دباﺅ بڑھے، حکومت احتساب پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب …

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نیب قوانین میں ترامیم کے حوالے سے اپوزیشن جماعتیں حکومت پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں چاہتی ہیں کہ ملک میں معاشی بحران آئے اور حکومت پر دباﺅ بڑھے، حکومت احتساب پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کا عمل جاری رہے گا، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور رہنماﺅں پر بدعنوانی کے سنجیدہ کیسز ہیں، بلاول بھٹو کا نیب کو بند کرنے اور چیئرمین نیب کو گھر جانے کے حوالے سے بیان مضحکہ خیز ہے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے قوانین ملک کیلئے ہیں کسی حکومت کیلئے نہیں ہیں، ایف اے ٹی ایف کے قوانین ہمارے تجویز کردہ نہیں ہیں بلکہ ہمیں عالمی اداروں کی توقعات کے مطابق اس پر عمل کرنا ہے، امید ہے کہ عیدالاضحی سے قبل ایف اے ٹی ایف قانون پاس ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم اصل ایشو ہے، نیب کا سارا سیٹ اپ اپوزیشن جماعتوں کا بنایا ہوا ہے اور ان کے قائدین پر کیسز بھی ان کے اپنے دور حکومتوں کے دوران بنے ہوئے ہیں، موجودہ حکومت کا ان سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا خیال تھا کہ یہ نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کریں گے لیکن گرفت میں آنے کے بعد انہوں نے قومی ادارے کو بند کرنے کیلئے شورمچانا شروع کر دیا ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ان کی مرضی اور منشا کے مطابق نیب قوانین میں ترامیم ہوں، ایسا نہیں ہو گا، پی ٹی آئی حکومت احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے اور ہم کسی صورت میں اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو کا نیب کو بند کرنے اور چیئرمین نیب کو گھر جانے کے حوالے سے بیان مضحکہ خیز ہے، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر بدعنوانی کے سنجیدہ کیسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارا ملک گرے لسٹ یا بلیک لسٹ میں جائے اس لئے ایف اے ٹی ایف قوانین کو پاس کرنا اہم ہے اور امید ہے کہ عیدالاضحی سے قبل یہ پاس ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کئی سیاسی جماعتوں کی خواہش ہے کہ ملک میں معاشی بحران آئے اور حکومت پر دباﺅ بڑھے اسلئے ہم جلد از جلد ایف اے ٹی ایف قانون کو پاس کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب کو بند کرنا بہترین چوائس نہیں ہے، دنیا ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہے اس سے منقطع نہیں ہو سکتے، قابل اعتراض مواد کو روکنے کے حوالے سے کام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کے اغوا کی مذمت کرتے ہیں، تحقیقات ہو رہی ہیں۔

مزید خبریں