وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جمعہ کو دورہ کراچی کے دوران شہر کے مسائل کے حل کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی کا اعلان کریں گے، وزیراعظم عمران خان نے بارش اور سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف کو …

اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جمعہ کو دورہ کراچی کے دوران شہر کے مسائل کے حل کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی کا اعلان کریں گے، وزیراعظم عمران خان نے بارش اور سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف کو قانون کے سامنے پیش ہوکر سوالوں کے جواب دینا ہوں گے، پاکستان دشمن سی پیک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، یہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے، ہم ثابت قدمی سے اس پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پی آئی ڈی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کراچی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم عمران خان سمیت حکومت کی تمام تر ہمدردیاں کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں، کراچی کے لوگ جس صورتحال سے گزر رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے، وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ کراچی کے حالات بہتر ہوں، وزیراعظم عمران خان جمعہ کو کراچی کا دورہ کریں گے، وزیراعظم اپنے دورہ کے دوران سندھ حکومت، این ڈی ایم اے سمیت متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے کراچی کے مسائل کے حل کے حوالہ سے جامع حکمت عملی کا اعلان کریں گے، وزیراعظم عمران خان کا واضح مو¿قف ہے کہ کراچی کیلئے ہماری شراکت داری مربوط اور مخصوص اقدامات پر مبنی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے، کراچی کو پینے کے پانی، سیوریج اور ٹریفک جیسے مسائل کا سامنا ہے، وفاقی حکومت ان مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے بھی نام دیئے گئے ہیں ہم نے بھی نام دیئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی سمیت سندھ کے مسائل کے حل کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ ہونا چاہئے اور سب کو ذمہ داری سے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، احساس پروگرام کے پہلے مرحلہ میں کورونا وبا کے دوران میرٹ اور شفافیت پر لوگوں کو امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ کی مدد اور حکومت کی پالیسیوں کے باعث کورونا وبا پر قابو پانے میں مدد ملی، کورونا وبا کے باوجود معاشی اشاریے مثبت ہیں حالانکہ اس وبا کے دوران یورپی ممالک، بھارت سمیت دیگر ممالک کی معیشت پر منفی اثرات پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی کتاب ابھی ملی نہیں، کتاب پڑھیں گے تو اس پر جواب دیں گے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے عوام کا پراجیکٹ ہے، سی پیک کو (ن) لیگ نے ذاتی پراجیکٹ بنا لیا جو غلط ہے، چین ہمارا دیرینہ دوست ہے، اس منصوبہ سے یہ دوستی مزید مستحکم ہو گی، چین سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں حکومت کے ساتھ کام کرتا ہے، سی پیک کے ساتھ پاکستان کی خوشحالی منسلک ہے، دشمن نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے، ہر ملک اپنے قومی مفاد میں فیصلے کرتا ہے، سی پیک پاکستان کے قومی مفاد میں ہے اس کی حفاظت کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالت نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپس آنا ہو گا، تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والا اگر قانون سے بھاگتا ہے تو اس پر عوام کو سوچنا چاہئے، نواز شریف کو قانون کے سامنے پیش ہو کر سوالوں کے جواب دینا ہوں گے، نواز شریف چہل قدمی اور چائے پینے کی تصویریں بھیج کر اپنے ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں، اب عدالتی فیصلہ کے بعد دیکھنا ہو گا کہ وہ اس بارے میں کیا ردعمل ظاہر کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) انتشار کا شکار ہے اس میں کئی گروپس بنے ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سارا پاکستان ہمارا ہے، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال سے پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو دوبارہ منتخب کیا ہے اور تیسری بار بھی منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی رابطہ کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری عاصم سلیم باجوہ سے بات ہوئی ہے، وہ تفصیل سے جلد اپنے اثاثوں کے متعلق خبروں کی وضاحت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا آزاد ہے، کسی پر کوئی پابندی نہیں تاہم کسی کے بارے میں حتمی رائے سامنے آنے تک ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، ہمیں اور میڈیا کو ہر سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لی ہے، گذشتہ کچھ عرصہ کے دوران حکومت نے میڈیا کے ایک ارب روپے سے زائد کی واجب الادا رقوم جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرول کی قیمتیں مستحکم رکھ کر 17 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں