اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے شہریوں کے مسائل حل کرے گی ہم نہ صرف کے الیکٹرک بلکہ پورے ملک میں بجلی کے نظام میں بہتری لائیں گے،سندھ پر گزشتہ 12سال سے پی پی پی کی حکومت ہے جسے اربوں روپے کے فنڈز ملے وہ بتائے کہ یہ پیسے …
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے شہریوں کے مسائل حل کرے گی ہم نہ صرف کے الیکٹرک بلکہ پورے ملک میں بجلی کے نظام میں بہتری لائیں گے،سندھ پر گزشتہ 12سال سے پی پی پی کی حکومت ہے جسے اربوں روپے کے فنڈز ملے وہ بتائے کہ یہ پیسے کہاں خرچ کئے گئے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کا سنجیدہ مسئلہ ہے سابقہ حکومتوں نے بجلی کے مہنگے معاہدے کئے اور گردشی قرضہ کا مسئلہ ایک کینسر کی صورت میں سامنے آیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت بجلی کے پورے نظام کو نئے سرے سے بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے بجلی کی پیداوار ،تقسیم اور ترسیل کی بہتری پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ مسئلہ تھا جس کی وجہ سے مسائل تھے ہم اسے بہتر بنارہے ہیں- فیٹف سے متعلق ایک سوال پر شبلی فراز نے کہا کہ اس معاملہ پر ہونے والے اجلاسوں میں اتفاق ہوگیا تھا تاہم ن لیگ نے اس سے انکار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت فیٹف کے اجلاس میں ن لیگ نے نیب میں ترمیم کا بل لانے کی بات کی حالانکہ اس کا فیٹف سے کوئی تعلق نہ تھا ، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو فیٹف کی بجائے نیب کے بل میں ترمیم سے دلچسپی ہے جو اپنے لئے این آر او چاہتی ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہے جنہیں اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ملک واپس آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی کرپشن کی وجہ سے ملک کا معاشی نقصان ہوا وزیر اعظم عمران خان ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور صاف ستھرا نظام چاہتے ہیں ۔ شبلی فراز نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے انہوں نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو ملک واپس آنے کی ہدایت کی ہے جنہیں اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ملک میں ایسا کلچر دیا جس میں جرم کو جرم ہی نہیں سمجھا جاتا جب یہ لوگ عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں تو گل پاشی کرتے ہیں اور فخریہ انداز میں قانون شکنی کا اظہار کرتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ پر گزشتہ 12سال سے پی پی پی کی حکومت ہے جسے اربوں روپے کے فنڈز ملے وہ بتائے کہ یہ پیسے کہاں خرچ کئے گئے اسی وجہ سے کراچی روز برور نیچے جاتا رہا ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کےلئے جو فنڈز ہیں وہ کراچی پر لگیں تاکہ اس شہرکے مسائل حل ہوں انہوں نے کہا کہ ایک طرف وہ جماعتیں ہیں جنہوں نے ملک کو اس حال پر پہنچایا دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان ہیں جو ملک کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ۔








