وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کا دورہ

109

پشاور۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کا اطلاعات کا مربوط نظام قابل تعریف ہے۔ محکمے میں اصلاحاتی ایجنڈے اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے اشتہارات کے آن لائن سسٹم کومتعارف کرانا بڑی کامیابی اور موجودہ حکومت کی ڈیجٹلائزیشن پالیسی کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا کے اطلاع سیل کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ارشد خان اور ڈائریکٹر جنرل امداداللہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کو محکمے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ عوام کو حکومتی اقدامات و اصلاحات کے بارے میں آگاہ رکھنے اور منفی پروپیگنڈہ زائل کرنے کے لئے اطلاعات کا مربوط نظام موثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھارہا ہے۔ کامران بنگش نے مزید بتایا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختون خوا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارم سے بھی تصدیق شدہ خبروں کی ترویج اور بے بنیاد پروپیگنڈوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرر ہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں محکمہ اطلاعات کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے بے بنیاد پروپیگنڈوں اور جھوٹ پر مبنی خبروں کے پھیلاو کی روک تھام کے لئے محکمہ اطلاعات پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ محکمہ اطلاعات عوام اور حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے اس لئے عوام کو بروقت اور صحیح خبریں پہنچانا محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی مزید موثر بنانے کے لئے اطلاعات کے وفاقی اور صوبائی محکمے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔