اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب منگل اور بدھ کی درمیانی رات قومی خبر رساں ادارے (اے پی پی) کےملازمین کے شاہراہ دستور پر جاری احتجاجی مظاہرے میں پہنچ گئیں۔ انہوں نے ملازمین کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بدھ کی رات شاہراہ دستور پر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) کے احتجاج کرنے والے ملازمین سے ملاقات کے لئے پہنچ گئیں۔ ایم ڈی اے پی پی اختر منیر، پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او ) مبشر حسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات یک جہتی کے اظہار کے طور پر مظاہرین کے ساتھ سڑک پر ہی بیٹھ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ ان کا تعلق سیاسی یا حکومتی نمائندے کے طور پر نہیں۔ میں اے پی پی کے ملازمین کے مسئلے سے پوری طرح سے آگاہ ہوں لیکن یہ مسئلہ صرف اے پی پی کا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دن بھر وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام وزارت خزانہ کے ساتھ رابطے میں رہے۔ ’’ڈسپریٹی الائونس‘‘ اور ’’ریگولر پے سکیلز‘‘ تمام کارپوریشنز کا مسئلہ ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام سے کہا ہے کہ اس مسئلے کا جلد حل نکالیں۔
اس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو آج (بدھ) کو اس معاملے کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے اے پی پی ایمپلائز یونین کے نمائندوں سے کہا کہ وہ بھی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے یقین دلایا کہ اے پی پی ملازمین کی ترقیوں کے لئے ’’ڈی پی سی‘‘ کرانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ اے پی پی ملازمین نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی آمد،یک جہتی کے اظہار اور مسائل کے حل کی یقین دہائی کرانے پر شکریہ ادا کیا اور احتجاج ختم کر دیا۔