قیام پاکستان کے 75سال،’’عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان‘‘ کے عنوان سے خصوصی ’’لوگو‘‘ جاری کردیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کہا ہے کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی کی خوشیوں اور مبارک موقع پر ’’عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان‘‘ کے عنوان سے خصوصی ’’لوگو‘‘جاری کردیا ہے،

یہ پاکستان سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر اور عظیم بزرگوں اور شہدا نے جس عزم سے پاکستان بنایا تھا، اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس کا مقصد ہے کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔ معاشی خود انحصاری کے وژن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے، ہم اپنے نوجوانوں کو فیصلہ ساز بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا۔