وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ”مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی دہشت گردی کے سدباب کیلئے دنیا کا کردار“کے موضوع پرسیمینار سے خطاب

178

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کے ہرفرد کی اولین دلی خواہش ہے، مسئلہ کشمیر پر حکومت کا موقف پاکستان کے عوام کی ترجمانی کرتا ہے، پاکستان کشمیریوں کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، وزیر اعظم کی کشمیر کےلئے سب سے زیادہ قربانیاں ہیں، واجپائی کو لاہور لانے اور بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کےلئے آمادہ کرنے والے نواز شریف ہی تھے، واجپائی کے منہ سے نکلوانا کہ 99ءکا سال مسئلہ کشمیر کے حل کا سال ہے، بڑی کامیابی تھی مگر نواز شریف کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاںڈالی گئیں، آمریتوں نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ پس پست ڈالا، پاکستان مسئلہ کشمیر کا فریق بھی ہے اور وکیل بھی، وزیرا عظم پاکستان کو مقدمہ کشمیر لڑنے کےلئے مضبوط بنانے کے عمل میں مصروف ہیں، نواز شریف کی قیادت میں ملک پستی سے ترقی کی طرف گامزن ہے، مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے ضروری ہے،جب تک کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع نہیں ہوتا ہم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویہاں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آبادکے زیر اہتمام ”مسئلہ کشمیر کا حل اور بھارتی دہشت گردی کے سدباب کیلئے دنیا کا کردار“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔