
پنڈ دادن خان۔ 10 مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ تحصیل پنڈ دادن خان میںتین بڑے میگا پراجیکٹس شروع کیے جارہے ہیں ،ترقیاتی منصوبوں پر50سے 55ارب روپے لاگت آئے گی ، منصوبوں سے مقامی لوگوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ، آئندہ پانچ سال میں پنڈ دادن خان کو صوبہ پنجاب کی ترقی یافتہ تحصیلوں میں شامل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو پنڈ دادن خان کے علاقے جلالپور شریف/ڈھیری ارائیاں میں چوہدری عاطف نواز اور چوہدی اقبال کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل اپنے حلقے کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ منتخب نمائندے پر یہ فرض ہے کہ ایسا کام کرے جس سے علاقے کا قد کاٹھ بلند ہو، قومی اور مقامی سطح کے فیصلوں میں آپ کی آواز اور رائے بھی شامل ہے کیونکہ میں آپ لوگوں کی وجہ سے اس مقام پر ہوں ، میری اور آپ کی عزتیں سانجھی ہیں ، تحصل پنڈ دادن خان کے علاقے میں ہمیشہ تھانہ کچہری کی سیاست ہوئی ہے جس سے علاقے کا نقصان ہوا، اب ہمیں تھانے کی سیاست اور مخالفوں کو جیلوں میں بند کرنے کی روایت چھوڑ کر آگے بڑھنا ہے ۔ہمیں اپنے علاقے اور عوام کے لیے حق ، انصاف اوراچھائی کی بات کرنی ہے ۔ پنڈ دادن خان میں نہر کے منصوبے کا پہلا ٹھیکہ ہو چکا ہے ۔اس منصوبے پر 37ارب روپے کی لاگت آئے گی ۔پہلی بار اس منصوبے پر 1890ءمیں کام کیا گیا اب 120سال بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کام کررہی ہے یہ منصوبہ اگلے دو ماہ میں شروع ہو جائے گا۔سات ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی ۔اس سے علاقے کی معیشت بدل جائے گی۔ للہ انٹر چینچ سے جی ٹی روڈ تک مرکزی شاہراہ کو دو رویہ کیا جائے گاجون میں یہ سڑک سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہوجائےگی ۔اس منصوبے کی تکمیل سے جلالپور سے جہلم کے درمیان کا فاصلہ 20سے 25منٹ کا رہ جائے گاجبکہ موٹر وے سے فاصلہ کم ہوجائے گا ۔۔انہوں نے کہا کہ ہری پور سے دینہ تک گیس لائی جائے گی ۔پہلے مرحلے میں پنڈ دادن خان سے جلالپور تک گیس فراہم کی جائے گی ۔یہ تین بڑے منصوبے ہیں ،نہر کا منصوبہ 37ارب روپے، سڑک کا منصوبہ 9ارب روپے اور گیس کے منصوبے پر5ارب روپے لاگت آئے گی ان منصوبوں پر مجموعی طور پر50سے 55ارب روپے تک کی لاگت آئے گی۔گزشتہ 70سالوں میں اس علاقے پر اتنی بھاری رقم خرچ نہیں کی گئی۔ جہاں تک چھوٹی سڑکوں اور گلیوں کا معاملہ ہے تو ہم نے 9چھوٹی سڑکیں شارٹ لسٹ کی ہیں جب کہ مقامی حکومت کے ذریعے سڑکوں ، نالیوں اور گلیوں کے مسائل حل کیے جائیں گے ۔رواں سال مقامی حکومتوں کے انتخابات ہوں گے جس کے بعد ان مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی ، اس علاقے کا جی ٹی روڈ اور موٹروے کے ساتھ اس طرح رابطہ ہوجائے گا کہ ہمارے لوگوں کو تعلیم اور روزگار کے لیے اسلام آباد نہیں جانا پڑے گا ۔ضلع جہلم میں رواں ماہ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 68 ڈاکٹرز یہاں تعینات کیے گئے ہیں، پہلے یہاں کے لوگوں کو پاسپورٹ کے لیے جہلم جانا پڑتا تھا لیکن اب یہاں پاسپورٹ آفس قائم کر دیا گیا ہے ،نادرا کے شناختی کارڈ کی فراہمی کے لیے موبائل سروسز کا دائرہ کار وسیع کر رہے ہیں جلالپور اور پنڑ وال میں نادرا کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔نہر اور سڑک کے منصوبوں سے 8سو ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ان منصوبوں کے ٹھیکے میں یہ بات بھی شامل ہے کہ مقامی نوجوانوں کو ملازمتیں دی جائیں گی ۔اس سے تحصیل کی قسمت بدلے گی اورعام آدمی خوشحال ہوگا تین سے چار سال میں ان منصوبوں کا فائدہ نظر آئے گا ۔ان منصوبوں کی تکمیل سے پوری تحصیل پنڈ دادن خان کی آئندہ نسل کی معاشی حالت بدل جائے گی ۔یہی میرا مطمع نظر ہے ۔پڑھے لکھے لوگ ہی ملک کا مستقبل ہیں ،زراعت ،لیبر سمیت ہر شعبہ میں تعلیم یافتہ لوگوں کی ضرورت ہے ،اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے اور اساتذہ تعینات کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ہم پانچ سال کے دوران ان منصوبوں کو مکمل کرنا چاہتے ہیں ۔جہلم بالخصوص تحصیل پنڈ دادن خان کے لوگوں کیلئے ملک بھر میں وزارت اطلاعات کے دفاتر کھلے ہیں وہ جب چاہیں جہاں چاہیں میرے پاس آسکتے ہیں ۔