وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

63

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی اداروں سمیت تمام اداروں کو بہتر بنانے کے لئے تاریخی اصلاحات لائے گی‘ جن اداروں کو لوٹا گیا ان کو قابل افراد کے ذریعے اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کا فیصلہ ادارے کا بورڈ کرے گا۔ اداروں پر اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ ان کی آﺅٹ پٹ کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ ماضی میں ان اداروں کو ایسے چلایا گیا جیسے بھارت کے ادارے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے ذیلی اداروں سمیت ملک کے تمام اداروں کو بہتر بنانے کے لئے تاریخی اصلاحات لائیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اصلاحات کے ذریعے ان تمام اداروں کو چلا کر دکھائیں گے۔ ایسی اصلاحات جو قیام پاکستان سے اب تک نہیں لائی گئیں۔ سید نوید قمر کے ضمنی سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ریڈیو اس حالت میں اس لئے پہنچا کہ وہاں ایک لاکھ 63 ہزار ملازمین بھرتی کئے گئے۔ ان اداروں کو اس حالت میں پہنچانے کے ذمہ داروں کے احتساب کی بات جب ہوتی ہے تو یہ ناراض ہو جاتے ہیں۔ مہذب ممالک میں ریڈ زون نہیں ہوتے۔ سارا پاکستان سب کے لئے ہے۔ جن اداروں کو لوٹا گیا ان کو قابل افراد کے ذریعے اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے۔