وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا الحمر اہال میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

116
APP27-13 LAHORE: January 13 - Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhry Fawad Hussain talking to media persons after attending a session of two day Afkar-e-Taza ‘Thinkfest’ at Alhamrah. APP photo by Mustafa Lashari

لاہور۔13 جنوری(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہمیں اس وقت کوئی پولیٹیکل چیلنجز درپیش نہیں ہیں‘ہم نے ایک مستحکم سیاسی حکومت کی بنیاد رکھ دی ہے اور اب ایک مستحکم معاشی پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں‘ پچھلے سارے بجٹ جعلی بجٹ تھے‘ پہلی دفعہ اصل بجٹ آرہے ہیں‘ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت بہتر ہو رہے ہیں‘ وزیراعظم عمران خان کا وژن سیاسی نہیں بلکہ سماجی ہے‘عمران خان این آر او پر یقین نہیں رکھتے‘سابق حکمرانوںنے صرف اپنی تجوریاں بھریں ان کو ملک اور ملکی معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں تھی‘ نواز شریف اور زرداری کا سیاسی طور پر خاتمہ ہو چکا ہے‘ ایک اندر چلا گیا ہے جبکہ دوسرا جانے والا ہے‘ وہاں ان کا اچھا وقت گزرے گا‘ 66ممالک کا ویزہ پاکستان کیلئے ختم کررہے ہیں تاکہ بیرون ممالک سے لوگ پاکستان آئیں اور وہ یہاں ان ایونٹس کو انجوائے کرسکیں‘ ہم نے اپنی فلم انڈسٹری کو دوبارہ بحال کرنا ہے‘ کتابیں لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔وہ الحمر اہال میں”افکار تازہ کے موضوع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو کررہے تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم بھی اس بات کا اعلان کرچکے ہیں کہ 66 ممالک کا ویزہ پاکستان کیلئے ختم کررہے ہیں تاکہ بیرون ممالک سے لوگ پاکستان آئیں اور وہ یہاں ان ایونٹس کو انجوائے کریں‘ یہاں میلوں میں شرکت کرسکیں‘ بحث یہ نہیں کہ بسنت جیسے میلے ہوئے ہیں کہ نہیں بلکہ بحث یہ ہے کہ ان کو حادثات سے کیسے بچانا ہے اس کیلئے میکنزم بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اتنے بڑے بڑے فیسٹیول ختم کئے گئے ہیں جن مےں میلہ چراغاں‘ سچل سر مت کا میلہ اور دیگر میلے شامل ہےں‘ ہم نے ان تمام کو دوبارہ اصل شکل میں لانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے اپنی فلم انڈسٹری کو دوبارہ بحال کرنا ہے اورکتابیں لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے‘ بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمران رہے جن کی ان کاموں مےں کوئی دلچسپی نہیں تھی‘ انہوں نے صرف اپنی تجوریاں بھریں‘ ان کو ملک اور ملکی معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں تھی‘ اب پاکستان میں ایسی حکومت آئی ہے جس کا دل لوگوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن سیاسی نہیں بلکہ سماجی ہے‘ وہ مدینہ کی ریاست کی بات کرتے ہیں جس میں برداشت ہو اور ایک دوسرے کے خیالات سننے اور سمجھنے کی صلاحیت ہو‘ جس میں انصاف اور رحم ہو‘ یہ وہ ریاست ہے جس کی طرف عمران خان بڑھنا چاہتے ہیں اور انشاءاللہٰ اسی ایجنڈے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اس وقت کوئی پولیٹیکل چیلنجز درپیش نہیں ہیں‘ نواز شریف اور زرداری کا سیاسی طور پر خاتمہ ہو چکا ہے‘ جس طریقے سے انہوں نے پہلے 10 سال سیاست کی‘ انہوں نے اپنی سیاسی قبر خود کھودی ہے‘ اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی دیکھیں ان کو ٹرائل کا کس طرح کا ماحول مل رہا ہے‘ وہ خود دیکھیں کہ ان کے اپنے دور میں لوگوں کے ٹرائل کس طرح ہوئے‘ ولی خان اور فیض احمد فیض کا ٹرائل کس طرح ہوا‘ پچھلی حکومتوں میں لوگوں کے ٹرائل اٹک جیل میں ہوئے‘ بند جیلوں میں ہوئے اور اب ان کا ٹرائل بھی دیکھیں‘ دوران ٹرائل نواز شریف کو لندن جانے کی اجازت بھی ملی‘ 22 دن ان کے وکیل نے کراس ایگزیمن کیا‘وہ آج بھی جن لوگوں کو ملنا چاہتے ہیں ان کو مل رہے ہیں‘ ان کے چھوٹے بھائی کاغذوں میں قید ہیں‘ وہ اپنے گھر میں رہتے ہیں اور وہاں پر جب دل چاہتا ہے اجلاس بلالیتے ہیں‘ اس طرح کا ٹرائل تو ہم نے زندگی میں کبھی پہلے نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے نئے پاکستان اور ایک مستحکم سیاسی حکومت کی بنیاد رکھ دی ہے‘ اس سال 23 جنوری کو ہم نیا بجٹ لیکر آئیں گے اور آپ دیکھیں گے کہ ایک مستحکم معاشی پاکستان کی بنیاد بھی رکھیں گے، پورے ملک کی نظریں عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کی طرف ہیں ہم ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ وفاقی وزیر نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ اسپغول کا چھلکا پی کر سویا کریں تاکہ ان کو اچھے اچھے خواب آئیں‘ سندھ کے دورہ کے حوالہ سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ سندھ اپنی وزارت کے کام کے سلسلہ میں جارہے ہےں‘ فلم بورڈ بنا ہے‘ اس کیلئے کراچی جارہا ہوں‘ کراچی پورے ملک کا حصہ ہے‘ سیاسی دوستوں سے ملنے پر کوئی پابندی نہیں‘ جے آئی ٹی نے کچھ لوگوں کے باہر جانے پر پابندی لگائی ہے‘ اس میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت بہتر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان سٹیٹ فارورڈ آدمی ہیں‘ میڈیا بھی خیال کرے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف اور آصف علی زرداری نے پارلیمان کے اندر اور باہر اپنا سارا دباﺅ ڈالا ہواہے لیکن وزیراعظم عمران خان این آر او پر یقین نہیں رکھتے‘ لہٰذا ایک اندر چلا گیا ہے‘ دوسرا جانے والا ہے‘ وہاں ان کا اچھا وقت گزرے گا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سارے بجٹ جعلی بجٹ تھے‘ پہلی دفعہ اصل بجٹ آرہے ہیں‘ اچھی گورننس کے حوالے سے ہمارا کسی سے مقابلہ ہی نہیں ہو گا‘ذرا صبر کریں‘ پاکستان میں جو اس وقت لیڈر شپ ہے اس پر بھروسہ رکھےں۔