وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی اناطولیہ(اے اے ) اسلام آباد دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

85
APP92-12 ISLAMABAD: March 12 - Federal Minister for Information and Broadcasting Chaudhary Fawad Hussain inaugurating the regional bureau office of Anadolu News Agency along with Ambassador of Turkey Ihsan Mustafa Yurdakul. APP

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان(کل) جمعرات کو ترکی ،چین اور ملائیشیا سمیت 5ممالک کے لئے ویزہ فری پراجیکٹ کا افتتاح کرینگے،اگلے مرحلے میں 55ممالک کو ائیر پورٹ پر ویزہ کی سہولت فراہم کی جائے گی،ترکی اور پاکستان کے مابین گہرے تعلقات ہیں ،عالمی میڈیا کی پاکستان میں واپسی خوش آئند ہے ،پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان کے بیانیے کو عالمی میڈیا میں پذیرائی ملی ہے۔ وہ منگل کو یہاں ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی اناطولیہ(اے اے ) اسلام آباد دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم پاکستان میں آنا طولیہ نیوز ایجنسی کے علاقائی دفتر کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے تعلقات بہت مضبوط ہیں اور نیوز ایجنسی کے ذریعے ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ اناطو نیوز ایجنسی کا 41 واں بیورو آفس پاکستان میں کھلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترک حکومت نے ہمیشہ کی طرح حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں بھی پاکستان کے بیانیے کی حمایت کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ برصغیر کے مسلمان ہمیشہ ترکی کے مسلمانوں کے ساتھ چلے،وقت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بین الاقوامی صحافیوں کے لیے ویزہ پالیسی کو بہتر کیا ہے،صحافیوں کے لئے ویزا پالیسی متعارف کرارہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور خوبصورت ملک ہے اور ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے نئی سیاحتی پالیسی پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے میڈیا اور سیاحوں کو پاکستان میں ویلکم کرتے ہیں اور تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی ،چین،یوکے اور ملائیشیاسمیت 5ممالک کو ای ویزہ پالیسی میں شامل کیا گیا ہے ، جمعرات کو وزیر اعظم نئی ویزا پالیسی کا افتتاح کریں گے،اگلے مرحلے میں 55ممالک کوویزا فری پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تشخص کو عالمی سطح پر زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایسوسی ایٹڈپریس آف پاکستان (اے پی پی) کو مکمل طور پر جدیدڈیجٹیل سروس میں منتقل کر ر ہی ہے ،”اے پی پی“ ڈیجٹیل سروس حکومت اور ریاست کی جدید ترین ڈیجٹیل سروس ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں صرف آئیڈیاز کی لڑائی صرف آئیڈیاز سے ہی لڑی جاسکے گی ، مودی کے کائنیٹک وار اورجنگی جنون کو میڈیا نے بھی ناکام بنایا ہے ، دنیا بھر کے میڈیا نے پاکستانی میڈیا کے بیانیے کو درست اور بھارتی میڈیا کا مذاق اڑایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک میڈیا فرینڈلی ملک کے طور پر کھڑا ہے ،ماضی میں جو غلطیاں ہوئیں تھیں ان کا بھی تدارک کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات کی وجہ سے بہت سے عالمی میڈیا پاکستان سے واپس چلے گئے تھے لیکن اب عالمی میڈیا کی واپسی ہو رہی ہے ، ہم اسکا خیر مقدم کرتے ہیں ، ہماری کوشش ہوگی کہ عالمی میڈیا پاکستان کو اپنا مسکن بنائے ۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی اناطولیہ(اے اے ) اسلام آباد دفتر کا افتتاح کیا اور ادارے کی ترقی کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ۔