وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال

54

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے عملے کی صلاحیت کی تعمیر کے علاوہ اس کے بعض قوانین میں ترمیم کی بھی اشد ضرورت ہے۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے حکومت کو اپوزیشن کی حمایت کی ضرورت ہے اور وزیر قانون نے اس حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ کئی ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی حکومتوں کے ادوار میں نیب قوانین میں ترمیم کے لیے کچھ بھی نہیں کیا، یہاں تک کہ ان دونوں جماعتوں نے تو وزیر قانون کو ڈرافٹ کے مسودے کی تجاویز بھی پیش نہیں کیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا موجودہ حکومت کا نیب کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومتوں کی پالیسیوں کو تبدیل کرے گی اور یہ یقینی بنائے گی کہ کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف پاکستانی سرزمین استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقتصادی، سیاسی اور انتظامی سہہ جہتی پالیسی اختیار کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کو قومی دھارے میں لائے گی اور اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سیاست میں چھانگا مانگا اور اس طرح کی دیگر خراب روایات متعارف کرانے کی ذمہ دار ہے۔