
اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کوئٹہ میں بم دھماکہ کی مذمت اور واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے امن کو نقصان پہنچا کر ترقی کے عمل کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیور اور بہادر پاکستانی اس عفریت کا جرأت و شجاعت سے مقابلہ کرتے آئے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند، لواحقین کو صبر جمیل اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطاء کرے۔