وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے یوم سیاہ کو متنازعہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیارے کی آمد کے حوالے سے حزب اختلاف نے جعلی خبریں پھیلائیں۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی اسرائیلی طیارہ پاکستانی حدود میں داخل نہیں ہوا اور ملک بھر …

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے یوم سیاہ کو متنازعہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیارے کی آمد کے حوالے سے حزب اختلاف نے جعلی خبریں پھیلائیں۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی اسرائیلی طیارہ پاکستانی حدود میں داخل نہیں ہوا اور ملک بھر میں کہیں بھی اسرائیلی طیارے کی لینڈنگ نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی اس خبر کی تردید کر چکی ہے اور اس خبر کو بے بنیاد قرار دے چکی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ایک اسرائیلی صحافی کے ٹویٹ پر مسلم لیگی رہنما احسن اقبال مختلف بیانات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی وضاحت کے باوجود بھی احسن اقبال اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بیانات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں سے اس طرح کے رویے کی توقع نہ تھی جو معاملے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔