پی سی بی کا سیزن 2026-27 کے کوچ ایجوکیشن اور ڈویلپمنٹ پروگرام کا شیڈول جاری
پی سی بی کا سیزن 2026-27 کے کوچ ایجوکیشن اور ڈویلپمنٹ پروگرام کا شیڈول جاری

مزید خبریں
لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیزن 2026-27 کے کوچ ایجوکیشن اور ڈویلپمنٹ پروگرام کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے تحت ایک ٹیوٹر ورکشاپ، 19 مختلف کوچنگ کورسز اور پہلی پی سی بی کوچنگ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ترجمان کیمطابق پی سی بی کوچ ایجوکیشن ہیڈ اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر شاہد اسلم نے کوچ ایجوکیشن پروگرام کا شیڈول ترتیب دیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق لیول ون کوچنگ کورس کی معیاد پانچ سال مقرر کردی گئی ہے جس کے بعد لیول ون کے حامل کوچز کو یہ کورس دوبارہ کرنا ہوگا۔خواتین کوچز کے لیے دو الگ لیول ون کوچنگ کورسز منعقد کیے جائیں گے جبکہ تمام لیول ون کورسز کا انعقاد نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے بجائے ملک کے چھ مختلف مقامات پر کیا جائے گا۔لیول ون کوچنگ کورسز کے لیے پی سی بی کے سینئر ڈومیسٹک کوچز کو دو ٹیوٹر ٹریننگ کورسز بھی کروائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ تین شہروں کے اسکول کرکٹ کوچز کو پی سی بی لیول ون کوچنگ کورس کروایا جائے گا۔ اسکول کرکٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے کوچز کو پروفیشنل کوچنگ کورسز کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹرز کے کوچز کے لیے لیول تھری کوچنگ کورس کا انعقاد ہوگا، جبکہ ریجنل بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ کوچز کے لیے خصوصی اسکلز کورسز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ ڈومیسٹک کوچز کو بائیومکینکس کورسز کے ساتھ ساتھ آئی ٹی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق اس سیزن پہلی بار کوچنگ کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس میں موجودہ اور سابق کھلاڑیوں، کوچز اور شائقینِ کرکٹ کی شرکت یقینی بنائی جائے گی۔







