اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے زیڈ ٹی ای کارپوریشن کے سینئر وائس پریذیڈنٹ ژونگ ہووا می اور ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ژی شیا ماﺅ نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے زیڈ ٹی ای کارپوریشن کو اسلام آباد میں ٹیکنالوجی سکول کھولنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایشیا میں ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں سرمایہ کاری کے لئے اہم ملک ہے،حکومت کی طرف سے پہلی میڈیا یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا یونیورسٹی پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان اور انفارمیشن اکیڈمی کو ضم کر کے بنائی جائے گی،ہم زیڈ ٹی ای کمپنی کو میڈیا یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے انسٹالیشن کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں ہر روز جدت آرہی ہے اور میڈیا میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کا مثبت تشخص اور بیانیہ پوری دنیا میں پہنچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں خصوصی معاشی زونز تشکیل دے رہی ہے، پوری دنیا کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ملاقات کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن کو ڈیجیٹل کرنے کے حوالے سے پروگرام پر بھی بات چیت ہوئی،زیڈ ٹی ای حکام نے پی ٹی وی کو ڈیجیٹل کرنے کے حوالے سے اب تک کے اقدامات پر وزیر اطلاعات کو آگاہ کیا۔زیڈ ٹی ای کے وائس پریذیڈنٹ نے بتایا کہ زیڈ ٹی ای کمپنی چائنہ میں ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں 40 ریسرچ سینٹرز کے ساتھ لیڈنگ کمپنی ہے،کمپنی کی پروفائل میں 5جی ، آرٹیفشل انٹلیجنس اور ڈیٹا ٹیکنالوجی کے پراجیکٹ شامل ہیں۔