اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف شاندار فتح حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، قوم کی دعائوں اور کھلاڑیوں کی محنت سے آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے فتح حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو، ایشیا کپ ہو یا چیمپئنز ٹرافی جہاں پاک بھارت کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں تو وہ میچ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میچ بن جاتا ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بغیر وکٹ گنوائے مقررہ ہدف پورا کر کے آئی سی سی ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں تاریخ بدل ڈالی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف اس اہم میچ میں شاندار کامیابی ہر مبارکباد ہیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے جانفشانی اور محنت سے کھیل کر جیت اپنے نام کی۔ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی پرفارمنس زبردست رہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے وکٹ کیپر محمد رضوان کو سو کیچ مکمل کرنے اور شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مزید فتوحات حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کرکٹ واحد کھیل ہے جو ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے، پاکستان کے لوگ کرکٹ سے جنون کی حد تک لگائو رکھتے ہیں۔