اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے، سپریم کورٹ کی کوریج انتہائی اہم اور حساس معاملہ ہے، کورٹ رپورٹرز احسن طریقے سے یہ ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چوہدری فواد حسین نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے راجہ محسن اعجاز کو صدر اور عدیل سرفراز کو سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر عوام کا اعتماد بڑھانے میں کورٹ رپورٹنگ کا اہم کردار ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عوام کو قانونی معاملات اور اہم عدالتی فیصلوں سے آگاہی فراہم کرنے میں کورٹ رپورٹرز کی خدمات لائق تحسین ہیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات ہمارا عزم ہے، صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈ فراہم کریں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحت کارڈ کے ذریعے صحافی اپنے اور اپنے خاندان کیلئے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے نومنتخب عہدیداران کیلئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ امید ہے کہ نومنتخب عہدیداران صحافیوں کی فلاح و بہبود سمیت ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔