وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپورکا تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے ملکی تشخص و سیاحت کے فروغ کیلئے نیشنل بینک آف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ وہ بدھ کو نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان ٹریک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے …

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے ملکی تشخص و سیاحت کے فروغ کیلئے نیشنل بینک آف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ وہ بدھ کو نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان ٹریک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا مقصد اندرون اور بیرون ملک پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ نیشنل بینک آف پاکستان لاجسٹکس کے گروپ ہیڈ کریم اکرم خان اور پاکستان ٹریک کے معاون بانی عدنان آفاق اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں ٹورازم پولیس قائم کی جا رہی ہے جو سیاحوں کو سکیورٹی فراہم کرے گی جس کے نتیجہ میں سیاحوں کا اعتماد حاصل ہو گا اور ملک میں سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر گلگت بلتستان میں ٹورازم پولیس متعارف کرائی جائے گی جسے بعد ازاں ملک کے دیگر سیاحتی علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے حکومت سیاحتی مقامات تک شاہراہوں کو ترقی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقدامات کے نتیجہ میں اس سال خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیاحوں کی تعداد 20 لاکھ تک بڑھنے کی توقع ہے۔ انہوں نے نیشنل بینک آف پاکستان پر زور دیا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی صنعت سے وابستہ افراد کیلئے مالی معاونت کی پیشکش کی جائے تاکہ وہ سیاحت کو فروغ دے سکیں اور ملک میں اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں۔ قبل ازیں کریم اکرم نے کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر کی سب سے پہلی ترجیح ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلہ میں ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے عوامی رابطوں کو فروغ دینا اہم ہے۔ اس موقع پر نیشنل بینک کی جانب سے ملک میں سیاحت کے فروغ کے حوالہ سے کوششوں کو اجاگر کیا۔ پاکستان ٹریک کے عدنان آفاق نے کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان اور روٹ 16 کے درمیان عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روٹ 16 پاکستان ٹریک کے تحت دنیا کی صف اول کی یونیورسٹیوں کے طلباءکو پاکستان کے دورہ کی دعوت دے رہا ہے تاکہ وہ پاکستان کے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثہ سے لطف اندوز ہو سکیں۔