اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے چلاس بس حادثے میں ایک ہی خاندان کے جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کے لواحقین کے ساتھ گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر جمعرات کوسکردو کے نواحی قصبے گیول پہنچ گئے۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر نے چلاس بس حادثے میں ایک ہی خاندان کے جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندان کی ہر ممکن امداد کرے گی۔ وفاقی وزیر نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔