اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پورنے مولانا فضل الرحمن کو حکومت پر الزامات کے حوالے سے قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے جس میں سے کہا گیا ہے کہ وہ 15 روز میں معافی مانگیں اور 50 ارب روپے ہرجانہ دیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ منگل کو علی امین گنڈا پور کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کے مدرسہ کے پتہ پر قانونی نوٹس ارسال کر دیا گیا ہے۔ علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمن سے کہا ہے کہ وہ قانونی نوٹس کا جواب دینے کی تیاری کریں۔ نوٹس موصول نہ ہونے کا کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔ واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمن کے خلاف نوٹس جاری کیا تھا جس میں ان کی جانب سے حکومت پر اسرائیل کو تسلیم کرنے، قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کی شق آئین سے نکالنے، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور فاٹا کی خیبر پختونخوا میں انضمام کے اقدام کو یکساں قرار دینے سمیت دیگر الزامات پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور انہیں 50 ارب روپے ہرجانے ادا کرنے کا بھی کہا گیا ہے جبکہ معافی نہ مانگنے پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔