وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت

71

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کر رہا ہے، بھارت کی جانب سے سرچ آپریشزاور جھوٹے مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کا سلسلہ بے دریغ جا ری ہے، عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسانہیں گزرتا جب کشمیری عوام خصوصاً کشمیری نوجوانوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ نہ بنایا جاتا ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ درحقیقت بھارت ان ظالمانہ اقدامات کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی ناپاک کوششیں کر رہا ہے جس کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 5اگست2019ء کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے اور بھارت کے ان اقدامات کو پوری دنیا مسترد کر چکی ہے ۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مودی کا ہندو فاشسٹ ایجنڈا آج پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور بھارت کو ایک ہندو انتہا پسند ریاست بنانے کے لئے پورے بھارت میں اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے عالمی دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والے ظلم و جبر کو بند کروائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوا کر بھارت کے ظالمانہ تشدد سے نجات دلوائی جائے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا بھی اظہارکیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک اُن کی حمایت جاری رکھیں گے اور حکومت پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔