وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈاپور کی راجہ جلال حسین مقپون سے ملاقات،

اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے منگل …

اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقا ت میں گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے شعبہ میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان کی خوشحالی و ترقی سے متعلق وفاقی حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی سے متعلق اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی کےلئے بھرپور کام کیا جا رہا ہے اور اُن کی وزارت گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کےلئے تمام تر تعاون پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکردو ایئرپورٹ کو اپ گریڈ کرکے انٹرنیشل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبہ کو بھرپور ترقی اور مقامی لوگوں کو روز گار بھی ملے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مستقبل قریب میں گلگت بلتستان کے ہوٹلنگ کے شعبہ میں کثیر بیرونی سرمایہ کاری کے روشن امکانات ہیں جس سے سیاحت کے شعبہ میں مزید ترقی ہو گی اور سیاحوں کو تفریح کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں شتنگ نالے کی تعمیر، گلگت۔سکردو روڈ پر کام کی پیشرفت اور سکردو میں ہسپتال قائم کرنے کے اُمور بھی زیر غور آئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ تمام منصوبے بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور وفاقی حکومت ان منصوبوںکو ترجیجی بنیاد وں پر مکمل کرنے کےلئے اقدامات کررہی ہے۔ گورنر گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی سے متعلق وفاقی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ ان اقدامات سے گلگت بلتستان میں ترقی وخوشحالی کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ اس سے قبل تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صدر جسٹس (ر) جعفر شاہ نے بھی وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی عمل اور سیاسی اُمور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحریک انصاف کے کارکنان عوام سے قریبی رابطہ قائم رکھیں تاکہ اُن کے بنیادی مسائل کے حل کےلئے اقدامات کئے جا سکیں۔