اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) ایک جمہوری اور منظم جماعت ہے جو پاکستان کی تعمیر وترقی میں اپنا اہم کردار ادا کررہی ہے،جس جمہوری انداز میںحالیہ پارٹی انتخابات کرائے گئے ہیں وہ اس جماعت میں اظہار رائے کی آزادی اور تنظیم کا کھلا ثبوت دیتے ہیں۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ محمدنواز شریف کا بطور صدر مسلم لیگ (ن) انتخاب اُن کی قیادت پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنی سیاسی بصیرت اور سنجیدہ طرز عمل سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ پاکستان کے قومی مفاد کی حفاظت اور دفاع میں اہم کردار اداکیا ہے اور اپنے طرزعمل سے یہ بات ثابت کی ہے کہ حب الوطنی کے حوالے سے عصر حاضیر میں کوئی سیاسی لیڈراُن مقابلہ نہیں کر سکتا۔ جس طرح وزیراعظم نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر سے متعلق دوٹوک موقف اپنایا ہے اُس کو آج پورے پاکستان اور کشمیرمیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔