وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے تمباکو برآمد کنندگان،زمینداروں، کاشتکاروں و تاجروں کے وفد کی ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے تمباکو برآمد کنندگان،زمینداروں، کاشتکاروں و تاجروں کے وفد کی ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے تمباکو برآمد کنندگان ،زمینداروں، کاشتکاروں اور تاجروں کے ایک وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور تمباکو کاشتکاروں، زمینداروں، برآمد کنندگان، درآمد کنندگان اور کسان برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو کے شعبے سے وابستہ افراد کے مسائل تمام کاشتکاروں، زمینداروں، برآمد کنندگان اور کسان برادری کا مشترکہ مسئلہ ہیں۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظات اور مطالبات متعلقہ حکام کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے مسائل کے مؤثر اور دیرپا حل کے لئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی جو متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر امور کا جائزہ لے گی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ ہر فورم پر تمباکو سیکٹر کے مسائل اجاگر کریں گے اور وفد کی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتوں کا بھی اہتمام کریں گے تاکہ درپیش مشکلات کو باہمی مشاورت سے حل کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران سابق سینیٹر زاہد خان،سابق سینیٹر بہرہ مند خان تنگی، چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ محمد شاہد حسین اور کوآرڈینیٹر وزیراعظم یوتھ پروگرام برائے خیبرپختونخوا بابر سلیم بھی موجود تھے۔سابق صوبائی وزراء شیراز اکرم باچا، محمد علی شاہ، صدر مسلم لیگ (ن )صوابی محمد شیراز خان اور جنرل سیکرٹری اور دیگر سیاسی جماعتوں کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔وفد کے اراکین نے وفاقی وزیر کو اپنے تحفظات اور مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے تمباکو کے کاشتکاروں، برآمد کنندگان، درآمد کنندگان اور صوابی کی کسان برادری کو درپیش چیلنجز اور مشکلات پر روشنی ڈالی اور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔

وفد نے مسائل کے حل کے لئے دلچسپی لینے، تفصیلی گفتگو کرنے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی یقین دہانی پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔وفد میں شاہ نظر خان، حماد خان، عالمگیر، نواب علی، عاصم جان، بخت شیر، ارشاد حسین، عبد اللطیف، تیمور احمد خان، سلیم خان، شراز اکرم باچا، حارث محمد، عمران اللہ، عبداللہ خان، امیر شہزاد، محمد زمان، جواد علی، احد خان، حضرت علی، آفتاب علی، جہانگیر باچا، عادل خان، نوابزادہ خان، غازی رحمان اور جہانزیب بہادر شامل تھے۔