سوات۔ 14 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران و صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں جدید نادرا سینٹر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی انتھک محنت سے ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، اسٹاک مارکیٹ میں استحکام آیا ہے اور مہنگائی میں واضح کمی ہو رہی ہے جبکہ بیرونی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے رہنما عوام کو افراتفری اور تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں جبکہ ان کا بیرونی ایجنڈا عوام کےلیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اپنے رہنماؤں سے سوال کریں کہ اسلام آباد پر قبضہ کرنے کے نعرے کے بعد وہ کہاں غائب ہو گئے. ان لیڈروں نے خود یا اپنے قریبی رشتہ داروں کو نقصان نہیں پہنچنے دیا بلکہ کارکنوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بے گناہ پختونوں کے ساتھ زیادتی کسی صورت قابل قبول نہیں اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی عملی حمایت جاری رکھے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے اپر سوات کے عوام کےلیے خوازہ خیلہ میں میگا نادرا سینٹر کے قیام کا اعلان کیا تاکہ علاقے کے لوگوں کو مزید سہولتیں میسر ہو سکیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سوات کے صدر قیموس خان، سابق ایم پی اے سردار خان اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے.