22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا ضلع غذر کے متاثرہ علاقہ تالی...

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا ضلع غذر کے متاثرہ علاقہ تالی داس کا دورہ

- Advertisement -

استور 28 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ضلع غذر کے متاثرہ علاقے تالی داس کا دورہ کیا، جہاں حالیہ دنوں گلیشیئر پھٹنے کے باعث شدید تباہی ہوئی ہے۔گوپس کے مقام تالی داس میں گلیشیئر پھٹنے سے پانی نے جھیل کی شکل اختیار کر لی ہے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے متاثرین کیلئے قائم کیمپ کا دورہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمینی رابطہ بحال کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل نیٹ ورک بحال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ متاثرہ افراد تک پہنچنے اور علاقے میں معمولات زندگی بحال کرنے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ وفاقی حکومت اس مشکل وقت میں گلگت بلتستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں جو لوگ جاں بحق ہوئے، ان کے لواحقین کو آج ہی بیس، بیس لاکھ روپے کے مالی امدادی چیکس دیے جائیں گے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کیلئے دعا کی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔متاثرین نے اس موقع پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کے درمیان آئے اور ان کے دکھ درد میں شریک ہوئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب کے باعث کئی مکانات ڈوب چکے ہیں اور متاثرین کو نئی جگہ پر ری ایلوکیشن (نقل مکانی) کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ان کی زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں