وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ پر خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں سے یکجہتی کا اظہار

103

پشاور۔ 02 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران اور امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہےکہ پی ٹی آئی حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

وفاقی وزیر نے جمعرات کو احتجاج کرنے والے لوکل گورنمنٹ نمائندوں کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

بلدیاتی نمائندوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پرامن مظاہرین پر وحشیانہ شیلنگ اور لاٹھی چارج قابل مذمت ہے. انہوں نے کہا کہ ایک طرف پی ٹی آئی کی قیادت احتجاج کی بات کر رہی ہے کہ وہ ان کا جمہوری حق ہے جبکہ دوسری طرف لوکل گورنمنٹ کے پرامن مظاہرین کے خلاف پولیس طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پشاور میں پی ٹی آئی قیادت کا غیر جمہوری رویہ پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو نچلی سطح پر لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے مینڈیٹ دیا گیا ہے اور خیبر پختونخوا حکومت کو ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے.

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں دیگر سیاسی جماعتوں اور بلدیاتی نمائندوں کے مینڈیٹ کا بھی احترام کرے گی. انہوں نے لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کے مسائل کو تمام مناسب فورمز پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے قبل لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں نے انجینئر امیر مقام کا استقبال کیا اور یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔