وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا یومِ پاکستان پر پیغام

پشاور۔ 23 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ قراردادِ پاکستان محض ایک قرارداد نہیں، بلکہ ایک خواب کی عملی تعبیر کا آغاز تھی۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنےپیغام میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 23 مارچ 1940 وہ تاریخی دن ہے جب برِصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کے …

پشاور۔ 23 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ قراردادِ پاکستان محض ایک قرارداد نہیں، بلکہ ایک خواب کی عملی تعبیر کا آغاز تھی۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنےپیغام میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 23 مارچ 1940 وہ تاریخی دن ہے جب برِصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد کا واضح اور دوٹوک فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قراردادِ پاکستان محض ایک قرارداد نہیں، بلکہ ایک خواب کی عملی تعبیر کا آغاز تھی جو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد پاکستان کی صورت میں حقیقت بنی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کا ثمر ہے۔ آج ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے اس ایثار اور محنت سے سیکھتے ہوئے عہد کرنا ہوگا کہ ہم ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کا دفاع کر رہے ہیں، گزشتہ سال معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو موثر اور دندان شکن جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔

انہوں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر اور ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انہیں خودارادیت کا حق دلوانے کے لیے بھارت پر زور دے، ہم بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے لیے اتحاد، رواداری اور محنت بنیادی ستون ہیں۔ ہمیں ہر قسم کی تفریق اور انتشار سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔ آج کے دن ہم تجدیدِ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔