وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت ضم اضلاع کے قبائلی مشران کا جرگہ

5
Engineer Amir Maqam
Engineer Amir Maqam

پشاور۔ 19 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام کی رہائشگاہ پشاور میں گزشتہ روز ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) کے 60 سے زائد قبائلی مشران، معتبرین اور ذمے داران پر مشتمل ایک اہم اور بامقصد جرگہ منعقد ہوا۔جرگے کی صدارت انجینئر امیر مقام نے خود کی۔اس موقع پر قبائلی مشران نے وفاقی بجٹ 2025-26 میں ٹیکس استثنیٰ برقرار رکھنے اور فاٹا کیلئے 37 ارب کی ریلیز پر وفاقی وزیر ، وفاقی حکومت اور وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور موجودہ زمینی حقائق، مسائل، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشران نے کہا کہ انجینئر امیر مقام نے ہمیشہ فاٹا کے عوام کی آواز بن کر ایوانوں میں ان کے حقوق کی ترجمانی کی، آج کا یہ جرگہ اس اعتماد کا ثبوت ہے جو قبائل انجینئر امیر مقام کی قیادت پر رکھتے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے عوام نے ملک کےلیے قربانیاں دی ہیں، ان کا حق ہے کہ انہیں ریلیف، ترقی اور مکمل قومی دھارے میں عزت کے ساتھ جگہ دی جائے، میری جدوجہد کسی مفاد کے لیے نہیں بلکہ ان علاقوں کی خوشحالی اور انصاف کے لیے ہے،وہ فاٹا کے نوجوانوں، تاجروں، زمینداروں، طلبہ اور تمام طبقات کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔اسی تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں جرگہ سسٹم کی بحالی اور سول انتظامیہ کو مؤثر اور مضبوط بنانے کےلیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

یہ کمیٹی زمینی حقائق، قبائلی روایات اور عوامی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارشات مرتب کرے گی. یہ اقدام قبائلی علاقوں کی سماجی و روایتی ساخت کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل کے پائیدار حل اور بہتر گورننس کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ جرگے نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہارکیا۔جرگے میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللّٰہ خان، سابق ممبر قومی اسمبلی نظیر خان،

صوبائی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا عنایت وزیر، نارتھ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ملک خان مرجان، کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے بسم اللہ خان ،ساؤتھ وزیرستان اپر سے تعلق رکھنے والے اعظم مسعود اور محمد کاشف ، مہمند سے نادر منان ، باجوڑ سے ہادی شاہ، بنوں سے ماویز ،کرم سے عبدالکریم عابد اور خلیل ہاشمی جبکہ جنڈولہ سے میر بادشاہ و دیگر قبائلی عمائدین شریک ہوئے۔