گلگت۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمان کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے بھتیجے دانیال سیف کے انتقال پر تعزیت کی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نوجوان بھتیجے کی ناگہانی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے اہل خانہ اور مرحوم کے بڑے بھائی عادل سیف سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی نوجوان عزیز کی موت ایک ناقابل برداشت سانحہ ہے،میری دعائیں اور نیک تمنائیں حافظ حفیظ الرحمان اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ثابت خان ،نائب صدر پاکستان مسلم لیگ گلگت بلتستان شفیق الدین، نائب صدر محمد اشفاق ،ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات کمال حسین، جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ رضوان احمد راٹھور ،صوبائی صدر ایم۔ایس۔ایف جی۔بی و نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔