وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی قیادت میں ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان عوامی ریلی

وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کی قیادت میں ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان عوامی ریلی کوہالہ پل سے شروع ہوئی جو مختلف شاہراہوں اورمقامات سے گزرتی ہوئی راڑہ مظفرآباد پہنچی، جہاں ہزاروں افراد کی موجودگی میں ایک تاریخی عوامی جلسے کی صورت اختیار کر گئی ۔

مظفرآباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کی قیادت میں ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان عوامی ریلی کوہالہ پل سے شروع ہوئی جو مختلف شاہراہوں اورمقامات سے گزرتی ہوئی راڑہ مظفرآباد پہنچی، جہاں ہزاروں افراد کی موجودگی میں ایک تاریخی عوامی جلسے کی صورت اختیار کر گئی ۔ریلی میں ہزاروں افراد نے بھر پور شرکت کرتے ہوئے قومی جوش ، جذبے اور پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے خوف کی فضا کو ختم کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی اور وطن سے محبت کے عزم کا بھرپور اظہار کیا۔

کوہالہ پل پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مظفرآباد سے امیدوار ثاقب مجید راجہ کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، پارٹی رہنماؤں اور دیگر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے وفاقی وزیر پر گلاب کی پتیاں نچھاور کیں، جبکہ شرکاء ہاتھوں میں پاکستان کے قومی پرچم اور پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ استقبال کے بعد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر ذرائع نقل و حمل پر مشتمل ایک بڑا قافلہ ریلی کی صورت میں مظفرآباد کی جانب روانہ ہوا۔راستے بھر مختلف مقامات پر شہریوں نے ریلی کا استقبال کیاجبکہ شرکاء ’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’پاک فوج زندہ باد‘‘، ’’میاں محمد نواز شریف زندہ باد‘‘، ’’وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف زندہ باد‘‘، ’’وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز زندہ باد‘‘ اور ’’انجینئر امیر مقام زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔

راڑہ مظفرآباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان سے محبت کشمیری عوام کے ایمان کا حصہ ہے اور آج کی ریلی نے اس عزم کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل حالات کے باوجود جس جوش، نظم و ضبط اور قومی جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عوامی اجتماع اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی منفی بیانیے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کے بقول، آج عوام کی بھرپور شرکت نے خوف کی فضا کو ختم کر دیا ہے اور لوگوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان، قومی یکجہتی اور استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت دیا ہے اور آئندہ بھی قومی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔جلسے کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ ریلی پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔وفاقی وزیر نے مظفرآباد کی حالیہ تاریخ کی اس ریلی کو ایک تاریخی عوامی اجتماع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں افراد کی شرکت نے پاکستان سے وابستگی اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا اور عوام نے اپنے قومی جذبے کا عملی مظاہرہ کیا۔

 

مزید خبریں