وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم خان سواتی کا گوگل کے پبلک پالیسی منیجر نک باور سے ویڈیو لنک رابطہ، منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے کے لئے اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام پر تبادلہ خیال

110
وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی کا وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ثانیہ نشتر کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم خان سواتی نےجمعہ کو گوگل کےپبلک پالیسی منیجر نک باور سے بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ کیا اور عوام میں منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور منشیات کے خطرے سے نمٹنے کےلئے وزارت انسداد منشیات اور گوگل کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ کووڈ۔ 19 سے بھی بدتر ہے، وبائی مرض کی طرح اس کی بھی کوئی حد نہیں، منشیات انسانیت کے لئے خطرہ کا باعث ہے۔ گوگل کے نمائندے نے کہا کہ سماجی پلیٹ فارم وزارت کی رسائی کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں جبکہ ڈیجیٹلائزیشن سے وزارت کے کاموں کو مزید بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویب اور موبائل ایپلیکیشنز سے عوام میں شعور اجاگر کرنے اور معاشرے میں تبدیلی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔وفاقی وزیر اعظم سواتی نے کہا کہ موجودہ دور میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال لازمی ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوگل کی شراکت سے ہماری کاوشوں کو مدد ملے گی۔وفاقی وزیر محمد اعظم سواتی نے موجودہ وبا میں گوگل کے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے معاشرے میں اس برائی کے خلاف جنگ میں گوگل کو شراکت کی پیش کش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے پاس محدود مالی اور انسانی وسائل ہیں۔ اس شراکت داری کی مدد سے اس چیلنج پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انسداد منشیات پالیسی 2019 میں حکومت نے منشیات کے خلاف حکمت عملی واضح کی ہےاس حکمت عملی میں منشیات کی طلب میں کمی ، منشیات کی فراہمی میں کمی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا شامل ہیں ۔ یہ شراکت داری پالیسی کے تمام مقاصد کو حاصل کرنے میں مدد کرے گی اور معاشرے سے منشیات کے لعنت کو ختم کرنے میں معاون ہوگی۔گوگل کے نک باؤر نے کہا کہ گوگل ہمیشہ سے معاشرے میں مثبت تبدیلی کو فروغ دینے کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا گوگل ٹیکنیکل ماہرین کی مدد فراہم کرے گا اور معاشرے میں لاحق خطرات سے انسانیت کو بچانے کے مشترکہ مقصد پر وزارت انسداد منشیات کے ساتھ کام کرے گا۔نک باؤر نے وفاقی وزیر کو اس چیلنج میں تکنیکی مہارت اور تعاون فراہم کرنے کے عزم اور تعاون کی پیش کش کی۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی نے شراکت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس شراکت سے معاشرے سے منشیات کی برائی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔