وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی کاتاجکستان کے ثقافتی وفد کا پرتپاک استقبال، دوطرفہ ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے جمہوریہ تاجکستان کے ثقافتی وفد کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر پرتپاک استقبال کیا۔ تاجکستان کے وفد کی قیادت تاجک وزیر ثقافت محترمہ ستوریون متلوباخون امونزود کر رہی ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے ثقافت و ورثہ حذیفہ رحمان، وفاقی سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی، سینئر سرکاری …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے جمہوریہ تاجکستان کے ثقافتی وفد کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر پرتپاک استقبال کیا۔ تاجکستان کے وفد کی قیادت تاجک وزیر ثقافت محترمہ ستوریون متلوباخون امونزود کر رہی ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے ثقافت و ورثہ حذیفہ رحمان، وفاقی سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی، سینئر سرکاری افسران، سفارت کار، فنکار اور معروف ثقافتی اداروں کے نمائندگان پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں موجود تھے۔

استقبالیہ خطاب میں وفاقی سیکریٹری نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی روابط باہمی افہام و تفہیم اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔مقررین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فنونِ لطیفہ، موسیقی، ادب اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے ذریعے تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر جون 2021 میں طے پانے والے ثقافتی تعاون کے معاہدے کا بھی حوالہ دیا گیا، جو دونوں ممالک کے ثقافتی اداروں کے درمیان منظم اور پائیدار تعاون کے لیے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کرتا ہے۔تاجک ثقافتی وفد کے دورے کو ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا گیا۔ اسلام آباد اور لاہور میں منعقد ہونے والی ثقافتی تقریبات اور پرفارمنسز سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی قدردانی اور دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔دورے کے دوران وفد نے پی این سی اے میں خطاطی اور فنونِ لطیفہ کی نمائش کا دورہ کیا، جہاں پاکستان کے بھرپور فنی ورثے اور فن پاروں میں جھلکتی مشترکہ ثقافتی اقدار کو سراہا گیا۔

تقریب کا ایک علامتی اور یادگار لمحہ اس وقت آیا جب محترمہ ستوریون متلوباخون امونزود نے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی اور معاونِ خصوصی حذیفہ رحمان کو روایتی تاجک ثقافتی لباس پیش کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور مضبوط ثقافتی رشتوں کی عکاسی کرتا ہے۔دورے کے پہلے دن کے اختتام پر دونوں فریقین نے ثقافتی تعاون کو مزید گہرا کرنے، ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر تبادلوں کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جس سے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ایک متحرک اور دیرپا ثقافتی شراکت داری کی راہ ہموار ہوگی۔