وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کی زیرصدارت گلپور ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے معاملات کا جائزہ لینے کےلئے اجلاس

104

اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ ان کی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے یہ بات 102 میگاواٹ گلپور ہائیڈل پاور پراجیکٹ سے متعلقہ معاملات کا جائزہ لینے کےلئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان طارق محمود پاشا، سیکرٹری فنانس آزاد کشمیر حکومت، جوائنٹ سیکرٹری اے جے کے کونسل، ان لینڈ ریونیو آزاد کشمیر کے حکام کے علاوہ کے مِیرہ پاور لمٹیڈ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مِیرہ پاور لمٹیڈ اور ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ آزاد کشمیرکے درمیان گلپور ہائیڈل پراجیکٹ سے متعلق ٹیکس کے متعدد ایشوز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ ٹیکس سے متعلق دونوں فریقین مل کر حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے اور اس سلسلہ میں وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کرانے کی کوشش کرے گی تاکہ اس اہم منصوبے پر کام جلد ازجلد مکمل کرکے اس کو عوام کی سہولت کےلئے کھولا جا سکے۔