وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم اور پاکستان مل کر آرٹیفیشل انٹیلی جینس، کلائوڈ سروسز، ڈیجیٹل کنیکٹیوٹیزاور ای ایجوکیشن کے شعبوں میں کام کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران اس حوالےسے تبادلہ خیال کیا ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے گفتگو ہوئی ، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور شنگھائی تعاون تنظیم سیکرٹریٹ کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے سیکرٹری جنرل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، کلائوڈ سروسز، ڈیجیٹل کنکٹیویٹی میں شنگھائی تنظیم کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں، پاکستان اپنے ماہرین، بہترین سہولیات اور ٹائم زون کے لحاظ سے رکن ممالک کیلئے ڈیجیٹل حب بن سکتا ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے، وزارت آئی ٹی ملک میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لئے فعال کردار ادا کر رہی ہے، نوجوانوں خصوصا خواتین کو بااختیار بنانا وزارت آئی ٹی کی پہلی ترجیحات ہیں۔

آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے میں نمایاں اقدامات پر سیکریٹری جنرل شنگھائی تعاون تنظیم ژانگ منگ نے وفاقی وزیر آئی ٹی کو خراج تحسین پیش کیا، ڈیٹا پروٹیکشن، خواتین کو بااختیار بنانے،پسماندہ علاقوں تک براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے اقدامات قابل ستائش ہیں، پاکستان نوجوان ٹیکنالوجی ماہرین اور جغرافیائی لحاظ سے رکن ممالک میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔

ژانگ منگ نے کہا کہ رکن ممالک آرٹیفیشل انٹیلی جنس، پسماندہ علاقوں میں ای ایجوکیشن، ای ہیلتھ ای کامرس میں کام کرسکتے ہیں۔ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج ) وزارت آئی ٹی محسن مشتاق اور وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔