اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان سے ایران کی بجلی کی ترسیلی کمپنی تناویر کے چیئرمین بورڈ و منیجنگ ڈائریکٹر محمد حسن موتی والے زادے نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی اور وزارت تجارت، خزانہ، این ٹی ڈی سی اور سی پی ٹی اے کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ عمر ایوب نے ایرانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اس وقت ایران سے 104 میگاواٹ بجلی درآمد کر رہا ہے، جس کے ٹیرف کا دورانیہ دسمبر 2016 میں ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی پر تناویر کمپنی کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایران سے بجلی کی درآمد سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری پاور نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان بجلی کے شعبے میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔ تناویر کے منیجنگ ڈائریکٹر نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔