وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے آل پاکستان مائننگ اینڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

167

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے آل پاکستان مائننگ اینڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے منگل کو وزارت امور کشمیر کے کمیٹی روم میں ملاقات کی۔ یہاں جاری بیان کے مطابق وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ان کی کوششوں سے انضمام شدہ قبائلی اضلاع اور مالاکنڈ ڈویژن کو آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

انجینئر امیر مقام نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سود مند ثابت ہوگا۔وفد نے وفاقی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل پر متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔وفد میں آل پاکستان مائننگ اینڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے چیئرمین شاہ خالد صافی، حاجی ہمت شاہ، ملک سلطان، حاجی روزی گل، حاجی عباد گل، شکیل مومند اور فضل ربی صافی شامل تھے۔آخر میں وفد نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔