اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے حکومت موثر اقدامات کر رہی ہے، پاکستان اور کشمیر ی عوام کے موقف کو واضح کر نے کیلئے پوری دنیا میں موجود پاکستانی سفارت کار بڑے متحرک انداز سے کام رہے ہیں، بیرون ممالک میں موجود پاکستانی سفراءکی کانفرنس اب سے چند دن قبل وزیراعظم کی سربراہی میں منعقد ہوئی تھی جس میں وزیراعظم نے اس ضمن میںبڑی واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو موثر اندا ز میں پیش کریں۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو اور بھی موثر انداز میں پیش کرنے کیلئے حکومت پارلیمنٹرین پر مشتمل خصوصی نمائندے دنیا کے اہم ممالک کی طرف بھیج رہی ہے جوکہ ان ممالک کا دورہ کر کے وہاں کی عوام اور عوامی نمائندوں کے درمیان مسئلہ کشمیر سے متعلق رائے عامہ ہموار کرنے کا کام کریں گے جس سے اس مسئلے سے متعلق عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے میں بے پناہ مدد ملے گی‘ وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھ کر کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مطالم کا سخت نوٹس لے۔