وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت معذور افراد کے حقوق سے متعلق کونسل کا دوسرا اجلاس

49
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت معذور افراد کے حقوق سے متعلق کونسل کا دوسرا اجلاس

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت جمعرات کو یہاں معذور افراد کے حقوق سے متعلق کونسل کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کو معذور افراد کے لئے دوستانہ شہر بنانے اور وفاقی وزارتوں / ڈویژنوں میں معذور افراد کے لئے 2 فیصد ملازمت کے حصول کو یقینی بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت انسانی حقوق کابینہ میں معذور افراد کے لئے 2 فیصد نوکری کو یقینی بنانے کا معاملہ اٹھائے گی تاکہ وزیر اعظم تمام محکموں کو ہدایت جاری کرسکیں۔ مزید برآں ،

وفاقی سکریٹری برائے انسانی حقوق اپنے ہم منصبوں سے رجوع کریں گے تاکہ ملازمتوں میں معذور افراد کے لئے 2 فیصد کوٹہ کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ سی ڈی اے کے نمائندے نے شرکا کو آگاہ کیا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کو معذور افراد کے لئے دوست شہر بنانے کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس سلسلہ میں اسلام آباد کے 40 مختلف مقامات پر نشانات کے ساتھ ریمپ بنانا شروع کر دیئے ہیں ۔

کونسل نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اس امر کو یقینی بنائے کہ ان کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کونسل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں معزور افراد کو تعلیمی فیس سے مستثنیٰ کرنے اور وزارت ہوا بازی کے ساتھ نجی ائر لائنز میں تنہا معذور افراد کے سفر کے معاملے پر بات کرے گی۔

منیجنگ ڈائریکٹر بیت المال ظہیر عباس کھوکھر نے کہا کہ بیت المال معذور افراد کے متعلق سروے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کا آغاز اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے ساتھ بطور پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جاسکتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ہیومن رائٹس محمد ارشد نے شرکا کو بریف کیا کہ وزارت انسانی حقوق نے عوام الناس میں معذور افراد کے حقوق کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی کے لئے پبلک سروس میسج تیار کیا تھا جسے وزارت انسانی حقوق نے اپنے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم اور پیمرا کے10 فیصد کوٹے کے ذریعے پھیلایا ۔

واضح رہے کہ کونسل میں قومی اسمبلی ، سینیٹ ، وزارت اطلاعات ، خزانہ ، تعلیم ، اور پاس کے ممبران اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلٹیشن میڈیسن (این آئی آر ایم) اور تین معزور افراد شامل ہیں۔

کونسل کی تشکیل آئی سی ٹی رائٹس آف پرسنس فار ڈس ایبلٹی ایکٹ 2020 کے تحت کی گئی ہے ، جس کا اعلان ستمبر 2020 میں کیا گیا تھا جبکہ کونسل کا پہلا اجلاس فروری 2021 میں ہوا تھا۔